تازہ ترین
مناسک حج کا آغاز
حجاج کرام نے آج سے اپنے فریضہ حج کا آغاز کردیا ہے۔ آج بروز منگل کو نماز فجر کی ادائی کے بعد احرام باندھے حجاج کرام یوم ترویہ کے لیے منیٰ کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔ کل بدھ کو حج کے سب سے بڑے رکن کی ادائی کی کے لیے حجاج کرام میدان عرفات میں جمع ہوں گے۔
یوم ترویہ آٹھ ذی الحج کا دن ہے۔ اسے یوم ترویہ اس لیے کہا جاتا ہے کہ اس روز لوگ مکہ مکرمہ میں پانی پینے کے بعد منیٰ کی طرف عازم سفر ہوتے۔ منیٰ میں چونکہ پانی نہیں تھا اس لیے واپسی تک وہی پانی ان کے لیے کفایت کرتا۔
آج بھی منیٰ میں حسب معمول دو ملین سے زاید حجاج کرام پہنچ رہے ہیں۔ مکہ مکرمہ سے 5 کلومیٹر کی مسافت پر منیٰ میں حجاج کرام کے قیام کا مقام آٹھ مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
سعودی حکومت نے حجاج کرام کو ہر ممکن آسانی اور سہولت بہم پہنچانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ کم سے کم ایک لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کو امن وامان کے قیام کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ رضا کار ٹیمیں اس کے علاوہ ہیں۔